لاہور میں اسموگ اور فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے، جہاں علامہ اقبال ٹاؤن کا ایئر کوالٹی انڈیکس 441 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اسموگ اور فضائی آلودگی کا راج بدستور برقرار ہے اور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس انتہائی اونچی سطح پر پہنچ چکا ہے۔
آئی کیو ایئر اور ایئر واچ پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح الگ الگ اور تشویشناک ریکارڈ کی گئی ہے۔
سب سے زیادہ خطرناک صورتحال علامہ اقبال ٹاؤن میں دیکھی گئی، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 441 تک پہنچ گیا ہے۔ دیگر علاقوں کی صورتحال دیکھی جائے تو برکی روڈ پیراگون میں ایئر کوالٹی انڈیکس 296، سول سیکریٹریٹ میں 269 اور کینٹونمنٹ میں 253 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسی طرح ماڈل ٹاؤن اے بلاک میں آلودگی کی سطح 250، ایئر واچ پاکستان کے مقام پر 248، بیڈین روڈ پر 229 اور ڈی ایچ اے فیز 5 بی بلاک میں ایئر کوالٹی انڈیکس 216 درج کیا گیا۔
شدید فضائی آلودگی اور زہریلی دھند کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس پر طبی ماہرین اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور ماسک کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔






