محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ رات کے اوقات میں خنکی محسوس کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شمال مشرق کی سمت سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دن کے وقت موسم خشک رہے گا، تاہم رات میں موسم نسبتاً ٹھنڈا محسوس ہوگا۔
دوسری جانب کراچی کی فضائی آلودگی میں بھی تشویش ناک صورتحال سامنے آئی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق شہر کی فضا مضر صحت قرار دی گئی ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 174 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے، خصوصاً سانس کے مسائل سے دوچار افراد، بزرگوں اور بچوں کو آلودہ فضا میں زیادہ دیر رہنے سے گریز کرنا چاہیے۔






