کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر میں موسم خشک رہنے اور صبح کے اوقات میں ہلکی دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شمال مشرقی سمت سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا الرٹ
دوسری جانب ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور بارشوں کی شدید کمی کے باعث محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے لیے خشک سالی کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جولائی سے 20 نومبر تک ان علاقوں میں بارشوں کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سندھ اور بلوچستان میں مسلسل پانچ ماہ سے بارشیں معمول سے کم رہیں۔ رواں سال کراچی میں بارشیں نہ ہونے کے برابر ہوئیں، جبکہ اندرون سندھ اور بلوچستان میں بھی معمول کے مقابلے میں بہت کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے ابتدائی 20 دنوں کے دوران سندھ میں معمول سے 99 فیصد، بلوچستان میں 79 فیصد جبکہ پنجاب میں 74 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔
ربیع کی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ
ماہرین اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کی کمی کے باعث گندم سمیت ربیع کی دیگر فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اگر خشک موسم کا سلسلہ برقرار رہا تو زمین میں نمی کی مقدار مزید کم ہوسکتی ہے۔
بارشوں کی مسلسل کمی کے باعث زیرِ زمین پانی کے ذخائر پر بھی دباؤ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے زرعی سرگرمیاں اور پانی کی دستیابی متاثر ہوسکتی ہے۔
ملک میں رواں سال گرمی کا دورانیہ طویل رہا، جبکہ سردی کا احساس بھی تاخیر سے نومبر کے اختتام پر شروع ہوا۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث موسم کے معمولات میں آنے والی تبدیلیاں بھی تشویش کا باعث بن رہی ہیں۔






