لاہور: صوبائی دارالحکومت میں اسموگ کی شدت برقرار ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 400 کی انتہائی سطح سے بھی تجاوز کرگیا ہے، جس کے باعث فضائی آلودگی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔
شہر کی فضا میں چھائی زہریلی دھند کے باعث شہریوں کو روزمرہ سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ صبح اور شام کے اوقات میں اسموگ کی شدت بڑھنے سے سانس لینے میں دشواری کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
فضائی آلودگی کے اثرات شہریوں کی صحت پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔ گلے میں خراش، آنکھوں میں جلن، کھانسی اور سانس کی تکالیف سمیت مختلف مسائل کی شکایات بڑھ رہی ہیں۔ سرد موسم اور اسموگ کی موجودگی نے صورتحال کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں زہریلی دھند اس قدر پھیل چکی ہے کہ گھروں سے باہر نکلنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔ خاص طور پر صبح اور شام کے اوقات میں فضا کی آلودگی کے باعث معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ اسموگ کی شدت میں کمی لائی جاسکے اور لوگوں کو صاف فضا میں سانس لینے کا موقع مل سکے۔
لاہور میں اسموگ کی مسلسل موجودگی شہریوں کے لیے صحت اور روزمرہ زندگی دونوں حوالوں سے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والی مشکلات کم ہوسکیں۔





