سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے ڈرون اور بیلسٹک میزائل کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔
سعودی عرب کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے ریاض میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں اور مقیم افراد کو ارلی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے الرٹ جاری کرتے ہوئے پرسکون رہنے، قریب ترین محفوظ مقام پر منتقل ہونے اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد سعودی سول ڈیفنس نے رسمی طور پر اعلان کیا کہ ریاض میں درپیش خطرہ اب مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی سمت بھیجے گئے ایک ڈرون اور ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی روکا اور تباہ کر دیا۔
دوسری جانب یمن کے حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے ائیرلائنز، ایئرپورٹ کے عملے اور مسافروں کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا استعمال نہ کرنے کی تنبیہ دہراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ہوائی اڈہ اب بھی غیر محفوظ اور فوجی ہدف ہے۔






