ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای بلکل صحت مند ہیں اور انہوں نے قومی امور پر گہری گرفت کا مظاہرہ کیا ہے۔
نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ہونے والی ایک اہم ملاقات کے بعد وہ پورے یقین اور ذمہ داری کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای بلکل صحت مند ہیں۔
اسپیکر نے اراکین کو بتایا کہ ملاقات کے دوران سپریم لیڈر کا انداز انتہائی مضبوط، پرجوش اور پرامید روح کا عکاس تھا اور انہوں نے ملک کے چھوٹے بڑے، میکرو اور مائکرو دونوں طرح کے قومی امور پر انتہائی جامع، گہری اور عمیق فہم کا مظاہرہ کیا۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اس طویل ملاقات میں ملک کے اقتصادی مسائل کو مرکزی حیثیت حاصل تھی، جس پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سپریم لیڈر نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ قومی معاشی اشاریوں کا جائزہ لیتے وقت کسی بھی قسم کے غلط تخمینے سے گریز کیا جائے تاکہ اعداد و شمار کے حوالے سے کوئی ابہام یا غلط فہمی نہ پھیلے۔






