امریکی صدر نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اچھے طریقے سے چل رہے ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں بھی معاہدے سے مکر چکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں اپنی رہائش گاہ پر ہیلووین پارٹی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری سفارتی کوششیں اور مذاکرات اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور تہران کے حکام ایک نیا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
تاہم انہوں نے ایرانیوں کے قابل اعتماد ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ بہت زیادہ قابلِ اعتبار نہیں ہیں کیونکہ وہ اکثر معاہدہ کرنے کے بعد پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ ہم دیکھیں گے کہ آیا وہ واقعی کوئی معاہدہ کرنے کے خواہشمند ہیں یا نہیں۔
قطری ثالثوں کی زیرِ نگرانی ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ اس معاملے میں کسی قسم کی جلدی میں نہیں ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فوجی ساز و سامان تیار کرنے کی صلاحیتوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ ایران کے زیرِ زمین جوہری مقام پک ایکس ماؤنٹین جیسے باقی ماندہ ایک یا دو جوہری مقامات کو بھی صرف 10 منٹ کے اندر نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایران پر دوبارہ فضائی حملوں کا حکم دیں گے، تو انہوں نے اس سوال کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے ایسا کیا بھی تو وہ میڈیا کو پیشگی اطلاع نہیں دیں گے۔






