افغانستان کے مختلف صوبوں میں مخالف گروہوں کی مسلح کارروائیوں میں 8 طالبان اہلکار ہلاک ہوگئے۔
افغانستان میں طالبان رجیم مخالف گروہوں نیشنل انڈیپینڈنس فرنٹ اور افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے تازہ حملوں کے دعوے کیے ہیں۔ ان حملوں کے باعث طالبان کے اعلیٰ حکام کے قافلے اور حفاظتی چوکیاں مسلسل نشانہ بن رہی ہیں۔
نیشنل انڈیپینڈنس فرنٹ کے دعوے کے مطابق صوبہ بدخشاں میں طالبان کی وزارتِ معدنیات کے نائب وزیر عبدالمتین سعید کے قافلے پر راکٹ حملہ کیا گیا۔ اس راکٹ حملے کے نتیجے میں طالبان کے نائب وزیر کے 6 محافظ ہلاک جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کا کہنا ہے کہ صوبہ قندھار کے ضلع ارغنداب میں ایک چیک پوسٹ پر مسلح کارروائی کی گئی جس میں ایک طالبان اہلکار ہلاک ہو گیا اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی چھین لیا گیا۔
اسی تنظیم نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ سرِپل کے ضلع البدر میں طالبان کی ایک چوکی پر مسلح حملہ کیا گیا، جہاں شدید جھڑپ کے بعد چوکی پر قبضہ کر لیا گیا۔ اس جھڑپ کے دوران ایک اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔






