یوکرینی ملٹری انٹیلی جنس نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی کوریا سے متعلق سفارتی کشیدگی پر شمالی کوریا نے روس کو میزائل ترسیل عارضی طور پر روک دی ہے۔
یوکرینی ملٹری انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے جنوبی کوریا کے ساتھ رابطوں پر دونوں اتحادیوں کے درمیان سفارتی کشیدگی کے بعد شمالی کوریا نے روس کو بیلسٹک میزائلوں اور توپ کے گولوں کی ترسیل عارضی طور پر روک دی ہے۔
یوکرین کی جی یو آر ملٹری انٹیلی جنس ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے وزیر خارجہ چو سون ہوئی نے گزشتہ ماہ کے این 23 بیلسٹک میزائلوں اور توپ خانے کی ترسیل منجمد کرنے کا اعلان اس وقت کیا جب روسی نائب وزیر خارجہ آندرے روڈینکو نے تجویز دی کہ ماسکو سیئول اور پیانگ یانگ کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد دے گا۔
رائٹرز نے رپورٹ کیا کہ جی یو آر کے مطابق چو نے مطالبہ کیا کہ روس جنوبی کوریا کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے، تاہم رائٹرز نے کہا کہ وہ اس رپورٹ کی آزادانہ تصدیق یا دونوں حکام کے عوامی بیانات کی تصدیق نہیں کر سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی حدود سے روسی فوجی پروازیں بھی معطل ہیں اور روس میں شمالی کوریا کے فوجیوں کی تعیناتی کو تقریباً 8 ہزار 500 سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کی کریملن کی درخواست تعطل کا شکار ہے۔
ایشیائی امور کے نگران روڈینکو نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ یوکرین جنگ ختم ہونے کے بعد سیئول نے ماسکو کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے اور براہ راست پروازیں بحال کرنے میں دلچسپی کا اشارہ دیا تھا۔
جی یو آر کے مطابق اس مبینہ تعطل کے باوجود شمالی کوریائی فوجی روس میں سرگرم ہیں، جن میں 11ویں کور کے یونٹس کرسک خطے میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور ایک میزائل یونٹ گرمیوں کے وسط سے وورونیز میں کام کر رہا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی گزشتہ ہفتے کریملن میں کم جونگ ان کے قریبی ساتھی جو یونگ وون کی میزبانی کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو سراہا۔






