جارجیا کے شہر باتومی میں یوروپا لیگ کے میچ کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے پر جارجیائی پولیس اور ترک کلب بیشکتاش کے مداحوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں
جارجیائی پولیس کی ترکیہ کے کلب بیشکتاش کے مداحوں کے ساتھ اس وقت جھڑپیں ہوئیں، جب انہوں نے اسرائیل کے کلب ہاپوئل بیر شیوا کے خلاف یوروپا لیگ کے میچ کے دوران فلسطینی پرچم لہرایا۔
ان جھڑپوں کے نتیجے میں جارجیا کے شہر باتومی میں ہونے والے میچ کے 26 ویں منٹ میں کھیل تقریباً 30 منٹ تک معطل رہا، تاہم وقفے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا اور بیشکتاش نے بالآخر دو کے مقابلے میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔
ترک ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا کہ جارجیائی پولیس اسٹینڈز میں داخل ہوئی اور استنبول کے مشہور کلب کے مداحوں کے خلاف مرچوں والا اسپرے استعمال کیا، جس پر ڈنمارک کے ریفری مورٹن کروگ نے اس وقت کھیل روک دیا، جب اسکور صفر صفر تھا۔
ترک کلب نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اپنے مداحوں کے خلاف غیر متناسب طاقت کے استعمال پر سکیورٹی فورسز کی شدید مذمت کرتا ہے اور ان واقعات سے متاثر ہونے والے تمام مداحوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔
ترک فٹبال فیڈریشن نے بھی بیشکتاش کے حامیوں کے ساتھ سلوک کی شدید مذمت کی اور ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ان کے ساتھ ناقابل قبول رویہ اور امتیازی سلوک کیا گیا۔
ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو نے رپورٹ کیا کہ میچ سے قبل بیشکتاش کے کھلاڑیوں نے ہاپوئل کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا۔
میچ کے بعد ترک وزیر داخلہ مصطفیٰ چفتچی نے اپنے جارجیائی ہم منصب سے بات کی تاکہ اس واقعے پر ترکیہ کی تشویش پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
ترکیہ کی وزارت داخلہ کے مطابق چفتچی نے ترک مداحوں کے خلاف غیر متناسب طاقت کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور ترکیہ میں ان کی محفوظ واپسی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق جارجیا کے وزیر داخلہ سلخان تمازاشویلی نے کہا کہ یوئیفا کے حکام نے مداحوں کے فلسطینی پرچم ضبط کیے تھے اور جارجیا کے ریاستی حکام کا اس ضبطی میں کوئی کردار نہیں تھا۔






