ایران کی قومی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں 22 سے 29 دسمبر تک مشترکہ تربیت اور پریکٹس میچز کے لیے اسلام آباد آئیں گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق دورے کے دوران دونوں ایرانی ٹیمیں مشترکہ تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی اور دونوں ممالک کے درمیان پریکٹس میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔
یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے کھیلوں کے روابط کا عکاس ہے اور ملک میں عالمی ہاکی کی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کوششوں میں ایک اور مثبت پیش رفت ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ایرانی مینز اور ویمنز ٹیموں کے دورے کا خیرمقدم کیا ہے۔
محی الدین وانی نے کہا کہ عالمی دورے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اس حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہیں، جس کا مقصد انٹرنیشنل ہاکی کا فروغ، علاقائی سطح پر کھیلوں کے تعاون کو مستحکم کرنا اور پاکستانی کھلاڑیوں، بالخصوص خواتین ہاکی پلیئرز کو آگے بڑھنے اور مقابلے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔






