مظفرگڑھ میں پاکستان اور ایران کے پہلوانوں کے درمیان روایتی دیسی کشتی کا دنگل ہوا، جس میں رستم پاکستان آصف موچی نے ایرانی پہلوان دانیال کو چت کر کے مقابلہ جیت لیا۔
جنوبی پنجاب میں روایتی کھیل دیسی کشتی کے اکھاڑے ایک بار پھر آباد ہونے لگے ہیں اور مظفرگڑھ میں سرد موسم کی خنکی کے ساتھ ہی روایتی دنگلوں کی رونقیں بھی لوٹ آئی ہیں۔
مظفرگڑھ کے دستی والا گراؤنڈ میں سجائے گئے اس بڑے اکھاڑے میں پہلوانوں کے جوڑ دیکھنے کے لیے جنوبی پنجاب سمیت مختلف علاقوں سے شائقین کی بڑی تعداد پہنچی، جبکہ غیر ملکی سیاحوں نے بھی روایتی کشتی کے مقابلوں میں خصوصی دلچسپی لی۔
مقابلے کا سب سے بڑا معرکہ رستم پاکستان آصف موچی اور ایرانی پہلوان دانیال کے درمیان ہوا، جس میں دونوں پہلوانوں نے طاقت، پھرتی اور پہلوانی فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
مقابلے کے دوران کبھی ایک پہلوان حاوی دکھائی دیا تو کبھی دوسرے نے اپنے داؤ پیچ سے شائقین کو حیران کر دیا اور اکھاڑے کے گرد موجود تماشائی بھی ہر داؤ اور ہر پینترے پر خوب داد دیتے رہے۔ اس سنسنی خیز دنگل میں رستم پاکستان آصف موچی نے ایرانی پہلوان دانیال کو چت کر کے میدان اپنے نام کر لیا۔
دیسی کشتی کے اس دلچسپ مقابلے کو دیکھنے کے لیے بیرون ملک سے آئے سیاح بھی خاصے پرجوش دکھائی دیے، جنہوں نے پاکستانی ثقافت اور روایتی کھیلوں کو قریب سے دیکھنے کے تجربے کو یادگار قرار دیا۔
مقابلے کے دوران سابق رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی نے ریفری کے فرائض سرانجام دیے اور دونوں پہلوانوں کے درمیان ہونے والے مقابلے کی نگرانی کی۔
دیسی کشتی کے اس یادگار دنگل نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ جنوبی پنجاب کی دھرتی پر روایتی کھیلوں کی جڑیں آج بھی مضبوط ہیں اور جدید کھیلوں کے بڑھتے رجحان کے باوجود دیسی کشتی کا جنون برقرار ہے، جبکہ اکھاڑوں میں گونجتی شائقین کی داد اس کھیل کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔






