سوشل میڈیا پر کیلے کے چھلکوں کو چہرے کی جلد کی قدرتی دیکھ بھال کا مؤثر نسخہ قرار دے کر استعمال کیا جا رہا ہے۔
بعض دعووں میں اسے فیشل بوٹوکس جیسا اثر پیدا کرنے والا طریقہ بھی بتایا جاتا ہے، تاہم ماہرین امراض جلد کے مطابق اس بات کے کوئی قابلِ اعتماد سائنسی شواہد موجود نہیں کہ کیلے کے چھلکے جلد کو بہتر بناتے یا جھریوں کو بوٹوکس کی طرح کم کرتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ کیلے اور ان کے چھلکوں میں وٹامن سی، وٹامن اے اور دیگر غذائی اجزا پائے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر یہ ٹرینڈ مقبول ہوا۔ اس کے علاوہ پھلوں کے بچے ہوئے حصوں کو ضائع ہونے سے بچانے کی خواہش بھی اس رجحان کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔
ماہر امراض جلد ڈاکٹر ہیلن ہی کے مطابق کیلے میں موجود وٹامن سی جلد کی بیرونی تہہ سے گزر کر اندرونی حصوں تک پہنچنے کے لیے اس شکل میں موجود نہیں ہوتا کہ اسے چھلکا چہرے پر لگانے سے مطلوبہ فوائد حاصل کیے جا سکیں۔
کیا کیلے کا چھلکا بوٹوکس جیسا اثر پیدا کرتا ہے؟
اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں جلدی بیماریوں کی کلینیکل پروفیسر ڈاکٹر ذکیہ رحمان کا کہنا ہے کہ کیلے کے چھلکوں اور بوٹوکس کے اثرات میں بنیادی فرق ہے۔
فیشل بوٹوکس کے انجیکشن چہرے کے مخصوص عضلات کو عارضی طور پر کمزور یا مفلوج کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں جھریاں کچھ وقت کے لیے کم نمایاں ہو سکتی ہیں۔ اس کے برعکس کیلے کے چھلکوں میں ایسا کوئی جزو موجود نہیں جو اس نوعیت کا اثر پیدا کرے۔
ڈاکٹر ذکیہ رحمان کے مطابق کیلا کھانے سے جسم کو غذائی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہی اجزا جلد پر لگانے سے بھی یکساں فائدہ حاصل ہوگا۔
انہوں نے اس رجحان کے ایک مثبت پہلو کی طرف بھی اشارہ کیا کہ لوگ بچ جانے والی اشیا کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کیونکہ کیلا عام طور پر کھایا جانے والا پھل ہے اور اس کا چھلکا اکثر ضائع کر دیا جاتا ہے۔
چہرے پر کیلے کا چھلکا رگڑنا محفوظ ہے؟
ڈاکٹر ذکیہ رحمان کے مطابق زیادہ تر افراد کیلے کے چھلکے کو چہرے پر آزما سکتے ہیں، تاہم اس کے ممکنہ نقصانات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ اگر چھلکا جلد پر لگانے سے نمی محسوس ہو تو یہ ضروری نہیں کہ اس سے جلد کی صحت میں کوئی نمایاں یا دیرپا بہتری بھی آئے۔
ماہرین کے مطابق اگر کیلے کے چھلکے کے استعمال کے بعد الرجی یا جلد پر ردعمل ظاہر ہو تو اسے فوراً روک دینا چاہیے اور ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
ممکنہ علامات میں جلد پر فوری جلن، دانے نکلنا، جبکہ بعض صورتوں میں زبان یا ہونٹوں کا سوجنا بھی شامل ہو سکتا ہے۔
ماہرین کی رائے
کیلے کے چھلکوں سے فیشل کا وائرل ٹرینڈ فی الحال سائنسی طور پر ثابت شدہ اسکن کیئر طریقہ نہیں ہے۔ اس لیے اسے بوٹوکس یا جلد کے مستند علاج کا متبادل سمجھنا درست نہیں۔ جلد کی دیکھ بھال کے لیے کسی بھی نئے نسخے کو آزمانے سے پہلے اس کے ممکنہ اثرات اور اپنی جلد کی حساسیت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔






