لاہور (جی ٹی وی نیوز): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے خوشحال دیہات پروگرام کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 475 دیہات میں پکی گلیوں اور سیوریج کے منظم نظام سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پروگرام کے تحت ہر گاؤں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے 5 کروڑ روپے دینے کی اصولی منظوری دی گئی ہے، جبکہ خوشحال دیہات پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 23 ارب 85 کروڑ روپے کے فنڈز بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔
خوشحال دیہات کمیٹی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل
منصوبے پر عمل درآمد کے لیے خوشحال دیہات کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا ہے، جو متعلقہ دیہات میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور نگرانی کے امور انجام دے گی۔ کمیٹی کی سربراہی متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز کے سپرد ہوگی۔
خوشحال دیہات کمیٹی میں پانچ سرکاری اور چار نجی ارکان شامل ہوں گے۔ چیئرمین یونین کونسل اور متعلقہ سب انجینئر کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ مقامی سطح پر ترقیاتی کاموں کے عمل میں متعلقہ نمائندوں اور تکنیکی عملے کی شمولیت یقینی بنائی جاسکے۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ نومبر تک خوشحال دیہات کمیٹیوں کو گرانٹ کی پہلی قسط جاری کردی جائے تاکہ منصوبوں پر عملی کام شروع کیا جاسکے۔
دوسرے مرحلے میں 2 ہزار دیہات کی ترقی کا منصوبہ طلب
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خوشحال دیہات پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لیے بھی منصوبہ بندی کی ہدایت کرتے ہوئے 2 ہزار دیہات کی ترقی کا پلان طلب کرلیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پہلے مرحلے کے بعد پروگرام کا دائرہ مزید وسیع کرنا ہے۔
’’پنجاب کے ہر گاؤں میں پکی گلیاں اور سیوریج کا منظم نظام میرا عزم ہے‘‘
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر گاؤں میں پکی گلیاں اور سیوریج کا منظم نظام ان کا عزم ہے۔ شہر ہوں یا دیہات، اب پنجاب میں ہر جگہ ترقی یکساں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں سب شامل ہیں اور سیاسی وابستگی کو ترقیاتی کاموں کی راہ میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ ڈویلپمنٹ پروگرام اور مسائل کا حل پنجاب کے ہر علاقے کا حق ہے۔






