پنجاب میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس چھپانے یا ان میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ایسی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جدید کیمروں سے بچنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے نمبر پلیٹس چھپانے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔ ان تصاویر کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرنا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق سیف سٹی کیمروں میں ایسی متعدد گاڑیاں ریکارڈ ہوئی ہیں جن کے مالکان نے ہاتھ، کپڑے، ٹیپ اور دیگر اشیا کی مدد سے نمبر پلیٹس چھپا رکھی تھیں۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹ چھپانے کے باوجود جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے ذریعے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی شناخت کی جارہی ہے۔ اس لیے جو شہری یہ سمجھتے ہیں کہ نمبر پلیٹ چھپا کر کیمروں سے بچ سکتے ہیں، وہ غلط فہمی میں نہ رہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ہاتھ، کپڑے، ٹیپ یا کسی بھی دوسری چیز سے نمبر پلیٹ چھپانے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ سیف سٹی کیمروں کو دھوکا دینے کی کوشش کرنے والے افراد بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
ان کے مطابق سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ خلاف ورزی سامنے آنے پر قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس حکام کو الرٹس بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس نظام کے ذریعے سڑکوں پر ہونے والی خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی میں مدد مل رہی ہے۔
ترجمان سیف سٹیز نے کہا کہ نمبر پلیٹ چھپانا صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں بلکہ قانون سے بچنے کی دانستہ کوشش بھی ہے۔ ایسی حرکتیں سیکیورٹی اور ٹریفک کے نظام کو متاثر کرسکتی ہیں۔ خطرناک خلاف ورزیوں کو نظرانداز کرنے سے سنگین حادثات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس ہمیشہ درست، واضح اور نمایاں رکھیں۔ کسی بھی چیز سے نمبر پلیٹ چھپانے یا اس میں تبدیلی کرنے سے گریز کریں تاکہ قانونی کارروائی اور دیگر مشکلات سے بچا جاسکے۔






