لکی موٹر کارپوریشن نے کِیا اسپورٹیج ایل ہائبرڈ کے خریداروں کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔
کمپنی نے گاڑی کے مختلف ویرینٹس کی ایکس فیکٹری قیمتوں میں 8 لاکھ روپے تک کمی کا اعلان کیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 3 نومبر سے محدود مدت کی پروموشنل آفر کے تحت ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کِیا اسپورٹیج ایل ہائبرڈ کے 1.6 ٹربو ایف ڈبلیو ڈی ایچ ای وی ویرینٹ کی قیمت میں 7 لاکھ روپے کمی کی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد اس گاڑی کی نئی قیمت ایک کروڑ 14 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ اس سے پہلے یہ ویرینٹ ایک کروڑ 21 لاکھ 99 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح 1.6 ٹربو اے ڈبلیو ڈی ایچ ای وی ویرینٹ بھی 8 لاکھ روپے سستا کردیا گیا ہے۔ اس کی سابقہ قیمت ایک کروڑ 32 لاکھ 99 ہزار روپے تھی، جو اب کم ہو کر ایک کروڑ 24 لاکھ 99 ہزار روپے رہ گئی ہے۔
لکی موٹر کارپوریشن کے مطابق یہ خصوصی قیمتیں صرف نئی بکنگز پر لاگو ہوں گی۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ بکنگ ڈیلر مینجمنٹ سسٹم میں درج ہو اور گاڑی کی مکمل ادائیگی 30 نومبر تک کمپنی کو موصول ہوجائے۔ یہ آفر محدود مدت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
کمپنی نے کِیا اسٹونک ٹربو کی بکنگ بھی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گاڑی کی تمام ادائیگیاں لکی موٹر کارپوریشن کے نام پر کسٹمر کے اکاؤنٹ سے جمع کرانا ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اگر حکومت مستقبل میں کوئی نیا ٹیکس، ڈیوٹی یا اضافی چارجز عائد کرتی ہے تو ڈیلیوری کے وقت گاڑی کی قیمت میں اس کے مطابق تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ ایسی صورت میں اضافی رقم ادا کرنا صارف کی ذمہ داری ہوگی۔
کمپنی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اعلان کردہ نئی قیمتوں میں فریٹ اور انشورنس کے اخراجات شامل نہیں ہیں۔ اس لیے گاڑی خریدنے کے خواہش مند افراد بکنگ سے پہلے ڈیلر سے تمام اضافی اخراجات کی تفصیلات معلوم کرلیں۔






