کراچی کے علاقے سولجر بازار میں سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جمیل چھانگا گینگ کے 3 مبینہ بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا۔
کراچی میں ایس آئی یو، سی آئی اے اور وفاقی سول حساس ادارے نے سولجر بازار کے علاقے میں ایک کامیاب مشترکہ کارروائی کی۔
ترجمان ایس آئی یو، سی آئی اے ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق کارروائی کے دوران جمیل چھانگا گینگ کے 3 مبینہ بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کی شناخت جمشید، محمد وسیم اور نادر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ایس آئی یو تھانے میں 4 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
مقدمات میں پولیس پر حملے، اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ گینگ کے دیگر ساتھیوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔






