کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی صدارت میں ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس کا 29واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔
کوئٹہ میں ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس کا 29واں اجلاس وزیراعلیٰ بلوچستان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی اداروں، متعلقہ محکموں اور سیکیورٹی فورسز کے نمائندوں نے شرکت کی، جہاں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام، پوست کی کاشت کے خاتمے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیاں مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔
شرکاء نے بی ایریاز کو اے ایریاز میں تبدیل کرنے کے عمل پر کامل اطمینان کا اظہار کیا اور اسے تمام ڈویژنز میں مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس کے علاوہ کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے فنڈز اور درکار وسائل کی فراہمی کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں شرکاء نے بلوچستان میں پائیدار امن، قانون کی بالادستی اور ریاستی عملداری کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔






