وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بڑی سہولت فراہم کردی ہے۔
اس مقصد کے لیے وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں نیا ٹیئر 4 متعارف کرایا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس حوالے سے تمام بینکوں کو باضابطہ مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ نئی تبدیلی کے بعد نوجوان پہلے سے زیادہ رقم قرض کی صورت میں حاصل کرسکیں گے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق نئے ٹیئر 4 کے تحت 75 لاکھ روپے سے زائد اور زیادہ سے زیادہ 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس قرض کی مدت زیادہ سے زیادہ 8 سال مقرر کی گئی ہے۔ اس میں ایک سال تک کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگا۔ یعنی قرض حاصل کرنے والے افراد کو مقررہ شرائط کے مطابق ابتدائی مدت میں ادائیگی سے مہلت مل سکے گی۔
تاہم اس ٹیئر کے تحت قرض لینے والے افراد کو بینک کی پالیسی کے مطابق سیکیورٹی بھی فراہم کرنا ہوگی۔ اس کا مقصد قرض کی واپسی کے عمل کو محفوظ بنانا اور بینکوں کے مالی خطرات کم کرنا ہے۔
وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کے نئے ٹیئرز کیا ہوں گے؟
نئی تبدیلیوں کے بعد وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں قرض کی مختلف حدود کے لیے چار ٹیئرز مقرر کیے گئے ہیں۔ ٹیئر 1 کے تحت نوجوان 5 لاکھ روپے تک قرض حاصل کرسکیں گے۔ ٹیئر 2 میں 5 لاکھ روپے سے زیادہ اور 15 لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا۔
اسی طرح ٹیئر 3 کے تحت 15 لاکھ روپے سے زیادہ اور 75 لاکھ روپے تک فنانسنگ حاصل کی جاسکے گی۔ نئے متعارف ہونے والے ٹیئر 4 میں 75 لاکھ روپے سے زیادہ اور ڈھائی کروڑ روپے تک قرض کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس تبدیلی سے ان نوجوانوں کو زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے جو کاروبار کو بڑے پیمانے پر شروع کرنا یا پہلے سے موجود کاروبار کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ زرعی شعبے سے وابستہ افراد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ٹیئر 4 پر شرح سود کتنی ہوگی؟
اسٹیٹ بینک کے مراسلے کے مطابق ٹیئر 4 کے لیے بینکوں کی شرح فنانسنگ 6 ماہ کے کائیبور (KIBOR) کے علاوہ 2.4 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ تاہم قرض حاصل کرنے والے صارفین کے لیے شرح سود 8 فیصد ہوگی۔
اسکیم کے تحت بینکوں کو مالی خطرات سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے پورٹ فولیو کی بنیاد پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج بھی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹیئر 3 پر لاگو ہونے والی دیگر شرائط نئے ٹیئر 4 کے لیے بھی برقرار رہیں گی۔
مراسلے میں ٹیئر 3 کی شرح فنانسنگ میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ اب اس کے لیے بینک ریٹ 6 ماہ کے کائیبور کے علاوہ 2.4 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے اسکیم کے تحت قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے تھی۔
لیپ ٹاپ اور بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کیلئے الگ ٹیئر
اسٹیٹ بینک کی نئی ہدایات میں لیپ ٹاپ فار آل اور پروسپیکٹو اوورسیز ورکرز کو بھی الگ ٹیئر میں منتقل کردیا گیا ہے۔ اب ان دونوں کیٹیگریز کو ٹیئر 5 میں شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ بینکوں کو خواتین کے لیے قرضوں کا کوٹہ کم از کم 30 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو کاروبار شروع کرنے اور معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔
مراسلے کے مطابق اسکیم کی دیگر شرائط، ضوابط اور سبسڈی کی ادائیگی کا طریقہ کار پہلے کی طرح برقرار رہے گا۔ نئی شرائط مراسلے کے اجرا کے بعد تقسیم ہونے والی فنانسنگ پر لاگو ہوں گی۔
پہلے وزیراعظم یوتھ لون اسکیم میں قرض کی شرح سود کیا تھی؟
اس سے پہلے وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں صرف تین ٹیئرز موجود تھے۔ ٹیئر 1 کے تحت 5 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جاتا تھا۔ ٹیئر 2 میں 5 لاکھ روپے سے زیادہ اور 15 لاکھ روپے تک قرض پر 5 فیصد شرح سود مقرر تھی۔
اسی طرح ٹیئر 3 کے تحت 15 لاکھ روپے سے زیادہ اور 75 لاکھ روپے تک قرض حاصل کیا جاسکتا تھا۔ اس کی شرح سود 7 فیصد تھی۔
اب نئے ٹیئر 4 کے اضافے سے نوجوانوں کے لیے زیادہ رقم حاصل کرنے کا راستہ کھل گیا ہے۔ اس سے خاص طور پر ایسے افراد کو فائدہ پہنچ سکتا ہے جنہیں کاروبار یا زرعی منصوبے شروع کرنے کے لیے بڑی سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے۔






