پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز کی ریلیز سے قبل مقبولیت نے بھارتی فلمی حلقوں میں بے چینی پیدا کر دی، بھارتی فلمی تنظیم نے سیریز کی نمائش روکنے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز کی ریلیز سے قبل مقبولیت نے بھارتی فلمی حلقوں کی نیندیں حرام کر دیں۔ معروف عالمی جریدے رائٹرز کے مطابق آل انڈین سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے مودی کو خط لکھ کر نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی پاکستانی سیریز کی نمائش روکنے کا مطالبہ کر دیا۔
رائٹرز کے مطابق خط میں پاکستانی مواد پر پابندی کے لیے قانون سازی اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ رائٹرز کے مطابق بھارتی فلمی تنظیم نے الزام عائد کیا ہے کہ سیریز میں شامل کئی پاکستانی اداکار بھارت مخالف بیانات دے چکے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو، کی پہلی قسط 4 دسمبر کو نشر کی جائے گی۔ حال ہی میں بنگلورو میں پاکستانی ڈرامہ سیریل درِ نجات کی واچ پارٹی بھی ریاستی مداخلت کے بعد منسوخ کی گئی تھی۔
شوبز سے وابستہ شخصیات کے مطابق بھارتی فلمی تنظیم کا یہ مطالبہ ان کی ثقافتی تنگ نظری کو بے نقاب کرتا ہے، جو فن اور ادب کو بھی نفرت کی بھینٹ چڑھا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں بھاری مانگ والے پاکستانی مواد پر پابندی لگانا فن اور ثقافت کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے مترادف ہے، جبکہ مودی حکومت کے ان اقدامات کے تناظر میں جواباً پاکستان کو بھی نیٹ فلکس اور دیگر پلیٹ فارمز پر موجود بھارتی فلموں اور شوز پر جوابی پابندیاں نافذ کرنی چاہئیں۔






