اسلام آباد (جی ٹی وی نیوز اردو): پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے متاثرین کی تعداد 90 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد پاکستان دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس سی کے متاثرین کے اعتبار سے 10ویں نمبر پر آگیا ہے۔ وزارت صحت نے ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثرہ افراد کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔
وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی سے متاثرہ افراد کی تعداد 30 لاکھ 86 ہزار سے زائد ہے، جبکہ ہیپاٹائٹس سی کے متاثرین کی تعداد تقریباً 90 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
وزارت صحت نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ دنیا بھر میں ہر سال 48 ہزار افراد ہیپاٹائٹس کی وجہ سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں، جس کے باعث اس بیماری کی روک تھام اور علاج کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
انسداد ہیپاٹائٹس کے لیے حکومت کی جانب سے بھی بڑے پیمانے پر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق ایکنک نے وزیراعظم کے انسداد ہیپاٹائٹس پروگرام کے لیے جولائی 2024 سے 2027 تک 67 ارب 77 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔
منظور شدہ رقم میں سے 51 فیصد فنڈنگ وفاقی حکومت جبکہ 49 فیصد صوبائی حکومتوں کی جانب سے کی جارہی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق پروگرام کے ذریعے ملک میں ہیپاٹائٹس کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے اقدامات کو آگے بڑھایا جائے گا۔






