لاہور کے علاقے رائیونڈ میں جعلی ادویات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر معیاری کیپسولز برآمد کرلیے گئے۔ کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والی ادویات میں معروف اینٹی بائیوٹک دوا ایموکسی کیپ 500 کے جعلی کیپسولز شامل ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے خفیہ اطلاع پر رائیونڈ میں چھاپہ مارا۔ اس دوران ملزمان کے قبضے سے جعلی ادویات کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی۔ گرفتار افراد میں 2 ڈرگ پیڈلرز اور ایک سہولت کار شامل ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ برآمد کیے گئے ایموکسی کیپ 500 کیپسولز کی جانچ پڑتال کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ اصل مینوفیکچرنگ کمپنی کے تیار کردہ نہیں ہیں۔ اس طرح یہ ادویات جعلی ثابت ہوئیں۔
کارروائی کے بعد گرفتار تینوں ملزمان کے خلاف ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے واقعے کی مزید تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔
حکام کے مطابق اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث اصل مینوفیکچررز تک پہنچنے اور جعلی ادویات کی تیاری و ترسیل کے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تحقیقات کے ذریعے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ جعلی کیپسولز کہاں تیار کیے گئے اور انہیں کن علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔






