کراچی (جی ٹی وی نیوز): کراچی سمیت سندھ بھر میں گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈینگی کے کیسز میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں صوبے بھر سے ڈینگی کے مجموعی طور پر 2 ہزار 55 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ کراچی میں ضلع شرقی سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اکتوبر کے دوران 777 اور ستمبر میں 335 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔ دوسری جانب کراچی میں اکتوبر کے مہینے میں 495 جبکہ ستمبر میں 448 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔
کراچی میں ضلع شرقی سب سے زیادہ متاثر
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کراچی میں ڈینگی کے مجموعی طور پر 2 ہزار 369 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سب سے زیادہ 709 کیسز ضلع شرقی سے سامنے آئے۔
رواں سال شہر میں ڈینگی کے باعث ایک شخص کی ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ صحت سے متعلق اعداد و شمار میں کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ڈینگی کے پھیلاؤ کی نشاندہی کی گئی ہے۔
حیدرآباد اور میرپورخاص ڈویژن میں بھی ہزاروں کیسز
سندھ کے دیگر اضلاع میں رواں سال ڈینگی کے مجموعی طور پر 2 ہزار 100 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں حیدرآباد ڈویژن سے 992 اور میرپورخاص ڈویژن سے ایک ہزار 8 کیسز سامنے آئے۔
اسی طرح لاڑکانہ ڈویژن میں 33، سکھر ڈویژن میں 50 اور شہید بینظیر آباد ڈویژن میں ڈینگی کے 17 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
ڈینگی مچھر صبح اور مغرب کے وقت زیادہ متحرک ہوتا ہے
ماہرین کے مطابق ڈینگی وائرس مخصوص مادہ مچھر کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ یہ مچھر خصوصاً صبح سویرے اور مغرب کے وقت زیادہ سرگرم ہوتا ہے، اس لیے ان اوقات میں مچھر کے کاٹنے سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔






