خیبر پختونخوا میں ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا، پولیس پر حملے میں ملوث ہلاک ہونے والے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوگئی۔
خیبر پختونخوا میں گزشتہ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں جاری غیر قانونی گولڈ مائننگ اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کے حوالے سے اہم ترین شواہد سامنے آگئے ہیں۔
گیارہ نومبر کو کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں پولیس کے بہادر جوان شہید ہوئے تھے۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ہلاک ہونے والے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت بطور افغان شہری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ چار دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
شناخت کیے گئے افغان دہشتگرد کی پرانی تصویر کابل میں افغان طالبان سرغنہ کے پرسنل گارڈ کے طور پر سامنے آئی ہے، جبکہ دیگر دہشتگردوں کی تصاویر اور دستیاب معلومات کا تجزیہ کرکے ان کی شناخت کے لیے بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر کام جاری ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے انکشاف کیا کہ صوبے میں ہونے والی غیر قانونی مائننگ کا 80 فیصد حصہ افغانستان جا رہا تھا اور وزیراعظم کے کوآرڈینٹر اختیار ولی نے بھی سابق صوبائی حکومت کی سرپرستی میں افغان طالبان کمانڈرز کو یوتھ کمیٹی میں شامل کرکے غیر قانونی گولڈ مائننگ میں استعمال کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
کوآرڈینٹر کے مطابق دہشتگرد عناصر غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد سے ماہانہ 7 لاکھ روپے جبکہ بیرونِ علاقے سے آنے والے مائنرز سے 11 لاکھ روپے بھتہ وصول کرتے تھے۔
سیکیورٹی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا کی گذشتہ حکومت، فتنہ الخوارج اور افغان طالبان اس غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث رہے ہیں اور موجودہ صوبائی حکومت کے افغان سرپرستی میں دہشتگرد تنظیم کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات عوامی وسائل کو لوٹنے والوں کے لیے ایک دوٹوک پیغام ہیں۔






