ایف بی آر کے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے جائزے کی رپورٹ میں انکشافات سامنے آئے ہیں، بڑی تعداد میں افسران سیلز اور انکم ٹیکس کے امتحانات میں مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتر سکے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس کے امتحان میں گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے 150 افسران نے حصہ لیا جبکہ انکم ٹیکس کے امتحان میں 143 افسران شریک ہوئے، جن میں سے 139 نے دونوں پیپرز دیے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس کے امتحان میں کوئی بھی افسر 60 فیصد نمبر حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا، جبکہ انکم ٹیکس کے امتحان میں صرف 4 افسران 60 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کر پائے۔
رپورٹ میں ایف بی آر کے افسران کی اکثریت آزادانہ طور پر فیصلے کرنے کی صلاحیت سے محروم قرار دی گئی ہے اور نصف سے زائد افسران کی استعداد صرف ڈرافٹنگ یا اس سے نچلی سطح تک محدود نکلی ہے۔
اس کے علاوہ ایف بی آر میں آرڈرز کی جانچ پڑتال کرنے والا نظام بھی شدید کمزور قرار دیا گیا۔ کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز کی بڑی تعداد بھی غلطیوں کی نشاندہی کے مقررہ معیار پر پورا نہیں اتر سکی۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں یہ کمی پورے کیڈر میں پائی جاتی ہے، جس کے باعث ایف بی آر کی کمزور کارکردگی کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے ریونیو نقصان کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اور افسران کی قانونی کمزوریوں کے باعث ٹیکس معاملات میں شدید پیچیدگیاں پیدا ہو رہی ہیں۔






