آئی ایم ایف نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی کو ختم کرے اور مستقبل میں عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے پر صرف مستحق طبقے کو محدود اور عارضی ریلیف فراہم کرے۔
عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے حکومت پاکستان کو دی جانے والی ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ ایندھن پر دی جانے والی عمومی سبسڈی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔
آئی ایم ایف کا کہنا تھ اکہ اگر مستقبل میں عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو کوئی ریلیف دینا ناگزیر ہو تو یہ مالی امداد انتہائی محدود، عارضی اور صرف مستحق کم آمدنی والے طبقے تک ہی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے اثرات سے کم آمدنی والے شہریوں کو بچانے کے لیے ستمبر کے مہینے میں ایندھن پر سبسڈی اسکیم کا آغاز کیا تھا۔
اس سرکاری اسکیم کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ چلانے والے افراد کو ہفتہ وار 500 روپے مالیت کا پیٹرول ٹوکن فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ 800 سی سی تک انجن کی حامل چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ہر 10 دن میں زیادہ سے زیادہ 10 لیٹر پیٹرول کی خریداری پر فی لیٹر 100 روپے کی خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔






