ایف بی آر نے پیک شدہ چائے کی تیاری اور فروخت میں ٹیکس چوری روکنے کے لیے تمام مینوفیکچررز اور پیکرز کو 10 دسمبر تک مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کر دی۔
ایف بی آر کے مطابق نئے نظام کے تحت بلیک ٹی، گرین ٹی، ٹی بیگز اور انسٹنٹ ٹی سمیت تمام اقسام کی پیک شدہ چائے کے ہر ریٹیل پیک پر مشین سے پڑھا جانے والا بارکوڈ لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
چائے کے ہر برانڈ، وزن اور پیکنگ کے لیے الگ بارکوڈ رجسٹر کروانا ہو گا، جبکہ نئے یا تبدیل شدہ چائے کے پیکج کی رجسٹریشن پیکنگ سے 7 روز قبل کروانا لازمی ہو گی۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ چائے کی ہر پیکنگ لائن پر الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہو گا اور دستی طریقے سے چائے پیک کرنے والی کمپنیوں کے لیے بھی اسکیننگ کا انتظام لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کے ذریعے پیداوار اور پیکنگ کا ڈیٹا فوری طور پر ایف بی آر کو منتقل کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹول اور کنٹریکٹ پیکرز سمیت تمام رجسٹرڈ چائے پیکنگ یونٹس اس نئے نظام کے پابند ہوں گے اور انہیں ایف بی آر کے منظور شدہ وینڈر سے بارکوڈ اور پیکنگ کی رجسٹریشن کروانا ہو گی۔
ایف بی آر کے مطابق غیر رجسٹرڈ بارکوڈ والے چائے کے پیکٹ تیار کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، بارکوڈ ہٹانے، چھپانے یا تبدیل کرنے پر سخت پابندی عائد ہو گی اور الیکٹرانک نگرانی کے بغیر پیک شدہ چائے فیکٹری سے باہر نہیں نکالی جا سکے گی۔
اس نئے نظام کے تحت چائے کے ہر پیکٹ کی شناخت اور تعداد کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، جس کا مقصد چائے کی پیداوار میں شفافیت لانا اور ٹیکس وصولیوں میں اضافہ کرنا ہے۔






