بلوچستان کے ضلع چاغی میں ریکوڈک سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ماڑی انرجیز نے تانبے اور سونے کے اہم نئے ذخائر دریافت کر لیے۔
ماڑی انرجیز کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے خط کے مطابق کمپنی کی ذیلی کمپنی ماڑی منرلز نے ضلع چاغی میں 25 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل کر لی ہے، جس کے نتیجے میں تانبے اور سونے کے نئے ذخائر ملے ہیں۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ یہ ذخائر چاغی کے ایسٹ سیاہ دک ای ایس ڈی ون ٹارگٹ میں موجود ہیں اور تانبے اور سونے کی معدنیات 1.4 مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہیں۔
ماڑی انرجیز کے مطابق معدنی ذخائر کی اصل مقدار جاننے کے لیے مزید تحقیق کی جائے گی اور کمپنی چاغی میں مزید ایک ہزار میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کرے گی جبکہ اس دریافت کے مزید نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہیں۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ ذخائر کے نمونوں کی جانچ کے لیے انہیں آسٹریلیا کی کمپنی اوریاس کو ارسال کیا گیا ہے جبکہ معدنی ذخائر کا جائزہ اور تکنیکی منظوری مشہور عالمی ادارے جون موریٹائمر جیو سائنسز سے لی گئی ہے۔






