اختیار ولی خان نے الزام عائد کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں غیر قانونی کان کنی کے ذریعے نکالے جانے والے سونے کا 80 فیصد حصہ افغانستان منتقل ہوتا ہے، اس کاروبار کا براہ راست گٹھ جوڑ دہشت گردی سے ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے لیکن یہاں 15 سال تک حکومت کرنے والوں نے عوام کے لیے کوئی کام نہیں کیا اور نیا خیبرپختونخوا بنانے کے خوبصورت نعروں کے پیچھے چھپی بدعنوانی اب سامنے آ رہی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ضلع کوہاٹ میں 2 ہزار ایکسیویٹر غیر قانونی کان کنی میں مصروف ہیں اور یوں محسوس ہوتا تھا جیسے پورے پاکستان کی مشینری کوہاٹ میں کام کر رہی ہو، جہاں ایک دن میں 90 کلوگرام سونا نکالا گیا، جس کی مالیت 4 ہزار ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔
اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سے نکالے جانے والے سونے کا 80 فیصد حصہ افغانستان جاتا ہے اور اس غیر قانونی کان کنی کا کوئی فائدہ صوبے کے عوام یا قومی خزانے کو نہیں پہنچتا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبے کی سابق حکومت نے غیر قانونی کان کنی کے لیے پونے 5 ارب روپے میں لیز دی تھی، جبکہ دہشت گردی اور غیر قانونی کاروبار کے اس گٹھ جوڑ کا پیسہ ریاستی رٹ کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان کمانڈروں کو مدد فراہم کرنے کے لیے یوتھ کمیٹی بنائی گئی اور دہشت گرد عناصر غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کو تحفظ فراہم کرتے تھے، جبکہ اس سارے گٹھ جوڑ کا سربراہ سابق وزیر قانون آفتاب عالم تھا۔






