وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر گورنر کو ایمرجنسی کے دوران مزید اور وسیع تر اختیارات دینے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے معاملے پر وفاقی حکومت نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کو مزید اختیارات سونپنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے ایمرجنسی کی صورتحال میں گورنر کے اختیارات سے متعلق تیار کردہ آرڈیننس منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھجوا دیا گیا ہے اور صدر مملکت وزیر اعظم کی ایڈوائس پر جلد ہی یہ آرڈیننس جاری کر دیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مجوزہ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد گورنر کو ایمرجنسی کے دوران وسیع تر اختیارات حاصل ہو جائیں گے، جبکہ اس کے ساتھ ہی گورنر کو خیبر پختونخوا کے 12 خصوصی اضلاع کے حوالے سے بھی اضافی اور مزید اختیارات مل جائیں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس اہم آئینی و قانونی اقدام اور آرڈیننس کے اجراء کی وجہ سے ہی قومی اسمبلی کا اجلاس ری شیڈول کیا گیا ہے، کیونکہ آئینی تقاضوں کے تحت اگر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب ہو جائے تو پھر آرڈیننس جاری نہیں ہو سکتا۔






