ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ایک تاریخی اور ناقابل تقسیم وحدت ہے، جسے کسی کی سیاسی خواہشات اور اقتدار کی سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔
متحدہ قومی موومنٹ کے بیانات اور سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ متحدہ کے رہنما سندھ کی تقسیم کے معاملے پر سیاسی شطرنج کے مہرے بنے ہوئے ہیں اور اسی پسماندہ سوچ کی وجہ سے وہ سندھ کے عوام کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ کا سندھ کی تقسیم کا مطالبہ سیاسی مایوسی اور عوامی حمایت کھونے کا نتیجہ ہے، حالانکہ انہیں سندھ کی تقسیم کے خلاف عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کے عوام نفرت اور لسانی تقسیم نہیں بلکہ امن، محبت اور ترقی چاہتے ہیں، اور ان کی ترجیحات بدل چکی ہیں مگر متحدہ کی قیادت اب بھی ماضی کی سیاست میں الجھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مالی مشکلات اور محدود وسائل کے باوجود صوبے میں ترقیاتی عمل کی رفتار تیز کی ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بڑے منصوبے شروع کیے ہیں، جن پر عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت عالمی اداروں کا بھرپور اعتماد ہے اور یہی کارکردگی متحدہ کی سیاسی بے چینی کا سبب ہے۔
دوسری جانب محمود خان اچکزئی کے بیان پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کے حالات کو خیبرپختونخوا سے زیادہ خراب قرار دینے سے پہلے انہیں زمینی حقائق دیکھنے چاہئیں اور خیبرپختونخوا کے عوام سے بھی پوچھنا چاہیے تھا، کیونکہ صوبوں کے مسائل پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کی وحدت، خودمختاری اور عوامی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنے والے جان لیں کہ عوام اپنی دھرتی، شناخت اور وحدت کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔






