بورے والا میں گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ ہو کر ایک خاتون نے اپنے 3 کمسن بچوں سمیت زہریلی گولیاں کھا لیں، جس کے نتیجے میں خاتون نہ بچ سکیں، جبکہ بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق بورے والا کے نواحی گاؤں 315 ای بی میں گھریلو ناچاقی کی بنا پر صغراں بی بی نامی خاتون نے مبینہ طور پر چائے میں زہریلی گولیاں ملا کر خود بھی پی لیں اور اپنے 3 بچوں کو بھی پلا دیں۔
اس افسوسناک واقعے کے نتیجے میں خاتون صغراں بی بی موقع پر ہی جان سے چلی گئیں، جبکہ ان کے 3 بچوں 8 سالہ ثناء، احد اور 6 سالہ علی کی حالت انتہائی غیر ہو گئی۔
متاثرہ بچوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے 2 بچوں کی حالت مزید تشویشناک ہونے کے باعث انہیں ساہیوال ریفر کر دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کے وقت خاتون کا شوہر محنت مزدوری کے سلسلے میں شہر سے باہر گیا ہوا تھا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔






