علی خورشیدی نے کراچی کے حقوق پر بات کرتے ہوئے صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی ہے اور فنڈز، جعلی ڈومیسائل اور تعلیمی اداروں میں ناانصافیوں کے انکشافات کیے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ کراچی سندھ کا دارالخلافہ ہے اور اگر کراچی چلتا ہے تو سندھ سمیت پورا پاکستان چلتا ہے، جبکہ صوبائی حکومت کے بجٹ میں 95 فیصد حصہ شہری علاقوں کا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور کراچی کا شہری ہونے پر مجھے فخر ہے لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت میں ناانصافیوں کی انتہا ہو چکی ہے، جہاں لوگ ایک بوند پانی کو بھی ترس رہے ہیں اور دنیا کا یہ تیسرا شہر رہنے کے لائق نہیں رہا۔
ورلڈ بینک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کراچی کی ڈیمانڈ 15 ہزار بسوں کی ہے لیکن پیپلز پارٹی صرف پندرہ سو بسیں تک نہیں دے سکی۔
علی خورشیدی نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی 18 سالوں سے ڈھٹائی کے ساتھ کہتی آ رہی ہے کہ ہم پر تنقید اور پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جبکہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے کروڑوں روپے کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ کرا کر لوگوں کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے لیاری میڈیکل یونیورسٹی کے کوٹے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کیماڑی، ملیر اور گڈاپ کا بچہ تو کیا رنچھوڑ لائن کا بچہ بھی وہاں داخلہ نہیں لے سکتا، پالیسیوں کے نام پر من مانی کی جا رہی ہے۔
ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ میں جعلی ڈومیسائل کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے ڈومیسائل سے پہلے لوگوں کے نوشہرو فیروز کے ڈومیسائل بنے ہوئے ہیں اور ڈپٹی کمشنرز کی اس غفلت پر کوئی ایکشن کیوں نہیں لے رہا۔
انہوں نے انٹر کے نتائج کی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ کو پبلک کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومتِ سندھ کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا ورنہ ایم کیو ایم ایوانوں میں بھرپور آواز اٹھائے گی، جبکہ مصطفیٰ کمال سے متعلق ویکسینیشن کی باتیں حقیقت کے منافی ہیں۔






