انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں ملزمان کی عدم دستیابی پر فردِ جرم عائد نہ ہو سکی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف درج جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ جج طاہر عباس سپرا نے ان کیسز پر سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان کی عدم دستیابی کے باعث عدالت میں فریقین پر فردِ جرم عائد نہ ہو سکی اور کیسز کی سماعت بغیر کسی اہم پیشرفت کے ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے اس حوالے سے درج 2 مقدمات کی سماعت 12 جنوری تک کے لیے ملتوی کر دی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی جانب سے عدالت میں بریت کی درخواست دائر کی گئی، جس پر انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نوٹسز جاری کر دیئے۔ عدالت نے فریقین سے دلائل طلب کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 143 کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔






