کراچی (جی ٹی وی نیوز اردو): پاکستان رینجرز سندھ اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے کراچی کے علاقے پاپوش نگر اور ناظم آباد میں بھتہ مافیا کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے صمد کاٹھیاواڑی اور جمیل چھانگا گروہ کے چار کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
رینجرز کے مطابق تین ملزمان فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جبکہ ایک ملزم کو بغیر مزاحمت حراست میں لیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ضمیر عرف پرنس، محمد شاکر، برکت علی عرف براہ اور محمد زہیم کے نام سے ہوئی ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔ 24 اکتوبر سے اب تک رینجرز اور ایس آئی یو پولیس کی جانب سے بھتہ مافیا کے خلاف یہ چوتھی بڑی کارروائی ہے۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کاروباری افراد کی معلومات بھتہ مافیا کو فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ ملزمان پر بھتہ نہ دینے والے تاجروں کو خوفزدہ کرنے کے لیے فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم برکت علی عرف براہ جمیل چھانگا گروہ کا اہم کارندہ ہے اور 2016 سے اس گروہ سے منسلک ہے۔ ملزم نے جمیل چھانگا کے حکم پر تھارولین میں زیر تعمیر عمارتوں اور نسیم کلاتھ مارکیٹ لسبیلہ پر فائرنگ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
رینجرز کے بیان کے مطابق ضمیر عرف پرنس اس سے قبل بھی ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ جیل میں اویس ڈاڈا سے ملاقات کے بعد ضمیر نے شاکر کو بھی بھتہ وصولی کی کارروائیوں میں شامل کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھتہ خوری کی وارداتوں کے لیے ملزمان کو پستول اویس ڈاڈا فراہم کرتا تھا۔
گرفتار ملزم شاکر کے حوالے سے رینجرز نے بتایا کہ اس نے فروری 2026 میں ساتھیوں کے ہمراہ پاپوش نگر کے ایک ہوٹل پر فائرنگ کی تھی، جس کا مقدمہ تھانہ ناظم آباد میں درج ہے۔ ترجمان کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں شاکر کو ساتھی کے ساتھ ہوٹل پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رینجرز کے مطابق 26 ستمبر 2026 کو ملزمان نے پاپوش نگر میں زیر تعمیر عمارت برج الامین پر بھی بھتہ وصولی کے لیے فائرنگ کی تھی۔ گرفتار ملزم زہیم صمد کاٹھیاواڑی کے قریبی ساتھی صادق عرف امر تمر کے ذریعے بھتہ گروہ میں شامل ہوا تھا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا مقصد شہر میں بھتہ مافیا کے نیٹ ورک اور کاروباری افراد کو دھمکانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔






