تمباکو نوشی کو صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے۔ عام طور پر اس عادت کو پھیپھڑوں کے کینسر، دل کی بیماریوں اور سانس کے مسائل کی بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ سگریٹ نوشی دماغی صحت کو بھی شدید متاثر کر سکتی ہے۔
آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹ پینے والے افراد میں دماغی تنزلی کا مرض ڈیمینشیا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ تمباکو نوشی نہ صرف دماغ کے معمول کے افعال کو متاثر کر سکتی ہے بلکہ عمر بڑھنے کے ساتھ یادداشت اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت میں کمی کا خطرہ بھی بڑھا سکتی ہے۔
اس تحقیق میں سائنسدانوں نے تمباکو نوشی اور دماغی بیماریوں کے درمیان تعلق کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران ڈیمینشیا، الزائمر اور دماغ کی شریانوں سے متعلق ڈیمینشیا کی مختلف اقسام کو بھی شامل کیا گیا۔ تحقیق کے لیے 28 لاکھ سے زائد افراد پر کی جانے والی 61 مختلف تحقیقی رپورٹس کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد اس وقت بھی سگریٹ نوشی کرتے ہیں، ان میں ڈیمینشیا کا خطرہ ان لوگوں کے مقابلے میں 31 فیصد زیادہ ہوتا ہے جنہوں نے کبھی سگریٹ نہیں پی۔ اسی طرح سگریٹ نوش افراد میں الزائمر کا خطرہ 40 فیصد جبکہ دماغی شریانوں سے متعلق ڈیمینشیا کا امکان 52 فیصد زیادہ پایا گیا۔
محققین نے روزانہ سگریٹ پینے کی تعداد اور دماغی بیماریوں کے خطرے کے درمیان تعلق کا بھی جائزہ لیا۔ نتائج کے مطابق سگریٹ کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ڈیمینشیا کا خطرہ بھی بڑھتا جاتا ہے۔ جو افراد روزانہ تقریباً 10 سگریٹ پیتے ہیں، ان میں اس بیماری کا خطرہ 16 فیصد زیادہ پایا گیا۔ جبکہ روزانہ 20 سگریٹ پینے والوں میں یہ خطرہ بڑھ کر 34 فیصد تک پہنچ جاتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی کے جسم پر منفی اثرات کے بارے میں پہلے ہی بہت کچھ معلوم ہے۔ اس کے باوجود دماغی صحت پر اس کے اثرات کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ سگریٹ نوشی صرف پھیپھڑوں اور دل کو ہی نقصان نہیں پہنچاتی بلکہ دماغی بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ان نتائج سے تمباکو نوشی ترک کرنے کی اہمیت مزید واضح ہوتی ہے۔ لوگوں کو اس عادت کے طویل مدتی نقصانات سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صحت کے تحفظ کے لیے بہتر فیصلے کر سکیں۔






