واٹس ایپ صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین خود فیصلہ کر سکیں گے کہ کون ان کا فون نمبر دیکھ سکتا ہے اور کون نہیں۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ نے جون 2026 میں یوزر نیم (Username) فیچر متعارف کرایا تھا۔ تاہم یہ سہولت ابھی تمام صارفین کے لیے مکمل طور پر دستیاب نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود صارفین اپنے پسندیدہ یوزر نیم کا انتخاب کرکے اسے ریزرو کروا سکتے ہیں۔
اس فیچر کو متعارف کرانے کا بنیادی مقصد صارفین کی شناخت اور فون نمبر کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔ اس کے ذریعے مستقبل میں لوگ اپنا موبائل نمبر شیئر کیے بغیر بھی واٹس ایپ پر دوسروں سے چیٹ کر سکیں گے۔ اس طرح کسی نئے شخص سے رابطہ کرنے کے لیے اپنا ذاتی نمبر دینا ضروری نہیں ہوگا۔
اب کمپنی اس سہولت کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ واٹس ایپ کے نئے فیچر پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق کمپنی ایک نئے پرائیویسی آپشن کی آزمائش کر رہی ہے۔ اس کے ذریعے صارفین کو اپنے فون نمبر کی نمائش پر زیادہ کنٹرول حاصل ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں اس فیچر کے آثار سامنے آئے ہیں۔ اس کے تحت صارفین کو فون نمبر کی پرائیویسی کے لیے چار مختلف آپشنز دیے جائیں گے۔ ان میں ایوری ون (Everyone)، مائی کانٹیکٹس (My Contacts)، مائی کانٹیکٹس ایکسیپٹ (My Contacts Except) اور نو باڈی (Nobody) شامل ہیں۔
ان آپشنز کی مدد سے صارفین اپنی مرضی کے مطابق طے کر سکیں گے کہ ان کا فون نمبر کن افراد کو نظر آئے۔ مثال کے طور پر صارفین صرف اپنے محفوظ شدہ کانٹیکٹس کو نمبر دکھا سکیں گے۔ وہ چاہیں تو مخصوص افراد کو اس سہولت سے خارج بھی کر سکتے ہیں۔ اسی طرح نو باڈی کا انتخاب کرکے اپنے نمبر کو دوسروں سے چھپانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
تاہم اس فیچر کے حوالے سے ایک اہم بات بھی سامنے آئی ہے۔ یہ سہولت صرف ان صارفین کے لیے ہوگی جو واٹس ایپ پر یوزر نیم استعمال کریں گے۔ اگر کسی شخص کے پاس پہلے سے آپ کا فون نمبر موجود ہے تو وہ چیٹ یا کال کے دوران اسے دیکھ سکے گا۔ البتہ یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کرنے والے نئے افراد کو آپ کا فون نمبر نظر نہیں آئے گا۔
واٹس ایپ کا نیا فیچر کب دستیاب ہوگا؟
WABetaInfo کے مطابق فون نمبر چھپانے کے اس نئے آپشن پر ابھی کام جاری ہے۔ فی الحال یہ سہولت عام صارفین تو دور کی بات، بیٹا ورژن استعمال کرنے والوں کو بھی فراہم نہیں کی گئی۔ کمپنی کی جانب سے اس فیچر کی باضابطہ لانچنگ کی تاریخ بھی سامنے نہیں آئی۔






