امریکی ایوان نمائندگان نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد کو جوڈیشری کمیٹی کو بھیج کر ان کو عہدے سے ہٹانے کی کوشش کو فی الحال ناکام بنا دیا۔
امریکی ایوان نمائندگان میں رکن ایوان تھامس میسی کی جانب سے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کو ایوان کی جوڈیشری کمیٹی کو بھیجنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ایوان میں اس طریقہ کار کے حق میں 211 جبکہ مخالفت میں 204 ووٹ آئے۔
اس ووٹنگ کے نتیجے میں ریپبلکن اکثریت والی جوڈیشری کمیٹی میں یہ معاملہ بھیج دیا گیا ہے، جہاں اس قرارداد کے آگے بڑھنے کا کوئی امکان نہیں ہے، جس کا مطلب ہے کہ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کوشش عملی طور پر ختم ہو گئی ہے۔
پینٹاگون کے چیف ترجمان شان پارنل نے ایوان کے اس فیصلے کو وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کی مکمل فتح قرار دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ یہ مواخذہ شروع ہی سے بغیر کسی ثبوت اور میرٹ کے ایک سیاسی ڈرامہ تھا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں اس ووٹنگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مواخذے کی یہ سازش برے طریقے سے ناکام ہو گئی ہے۔ صدر ٹرمپ نے پیٹ ہیگسیتھ کو ایک عظیم امریکی محب وطن قرار دیا اور وینزویلا و ایران میں ملٹری کامیابیوں کا سہرا ان کے سر باندھا۔
قرارداد پیش کرنے والے ریپبلکن رکن تھامس میسی نے الزام لگایا تھا کہ ہیگسیٹھ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر 90 دن سے زائد عرصے تک ایران میں جنگ چھیڑ کر قانون شکنی کی ہے اور بحر الکاہل و بحر کیریبین میں منشیات کی کشتیاں چلانے والوں کے خلاف ماورائے عدالت قتل کروائے ہیں۔
پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی اس کوشش کو مذاق اور تخریب کاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ قانونی ملٹری آپریشنز انجام دیے ہیں۔
تمام تر کوششوں کے باوجود تھامس میسی اپنی ہی پارٹی کے ارکان کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے اور وہ واحد ریپبلکن تھے، جنہوں نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔






