ڈیموکریٹس سینیٹر ایڈم شِف نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹس حکومت کی فنڈنگ کے آنے والے بجٹ مذاکرات کو ایران کے خلاف جنگ کی فنڈنگ روکنے کے لیے استعمال کریں گے۔
ڈیموکریٹس سینیٹر ایڈم شِف نے ایک ویڈیو بیان میں اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی آنے والے سرکاری بجٹ مذاکرات کے دوران ایران کے خلاف جاری جنگ کے لیے فنڈز کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔
ایکس پر جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ 11 دسمبر کو امریکی حکومت کی فنڈنگ سے متعلق بل کی مدت ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد حکومت چلانے کے لیے نئے فنڈز کی منظوری کے مذاکرات شروع ہوں گے۔
سینیٹر ایڈم شِف کے مطابق یہ بجٹ مذاکرات ڈیموکریٹس کو ایک بہترین موقع فراہم کریں گے کہ وہ عوام کے مطالبے پر عمل کرتے ہوئے اس جنگ کا خاتمہ ممکن بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس بجٹ کے عمل کے ذریعے رقم روک کر انتظامیہ پر دباؤ ڈالیں گے تاکہ اس جنگ کو ختم کیا جا سکے۔
سینیٹر شِف نے اس بات پر شدید تنقید کی کہ ایران کے خلاف اس جنگ کی کانگریس نے کبھی منظوری نہیں دی تھی اور نہ ہی امریکی عوام نے ایسی کسی جنگ کی خواہش کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس جنگ نے ایران کو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط کر دیا ہے اور اب آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول جنگ سے پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھ چکا ہے۔






