تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے پر پانی داخل ہونے کے حادثے کے بعد لاگت 82 ارب سے بڑھ کر 200 ارب روپے سے زائد ہونے کا شدید خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے (ٹی 5) کی ابتدائی منظور شدہ لاگت 82 ارب 36 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی، لیکن جنوری 2026 تک کی رپورٹ میں اس منصوبے پر 153 ارب 95 کروڑ روپے کی بھاری رقم خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے پر اب تک ابتدائی منظور شدہ لاگت سے 71 ارب 59 کروڑ روپے زائد کی رقم خرچ کی جا چکی ہے۔
اس اہم منصوبے کا تعمیراتی کام اگست 2021 میں شروع کیا گیا تھا، جبکہ جنوری میں جاری ہونے والی دستاویزات میں اس منصوبے کی حتمی تکمیل کی تاریخ مئی 2027 مقرر کی گئی تھی۔
اس توسیعی منصوبے کے تحت 1530 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے 3 اہم یونٹ نصب کیے جانے ہیں، تاہم منصوبے کی بروقت تکمیل میں مسلسل تاخیر کی وجہ سے سابقہ مشاورتی کمپنی کا معاہدہ جون 2024 میں ہی ختم کر دیا گیا تھا اور باقی ماندہ کام کی دیکھ بھال کے لیے نئی مشاورتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔
اب تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے میں پانی داخل ہونے کا حادثہ پیش آنے سے تعمیراتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ وزیر آبی وسائل نے اس واقعے کا فوری نوٹس لے رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کی وجہ سے منصوبے کا پی سی ون تبدیل ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے اور خدشہ ہے کہ اس منصوبے کی کل لاگت 200 ارب روپے سے بھی تجاویز کر جائے گی۔






