امیر جماعت اسلامی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بڑی گاڑیوں اور مافیاز پر ٹیکس لگائے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔
لاہور میں منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں مسائل کا ایک جنگل ہے اور غریب عوام اس میں بری طرح پھنس چکے ہیں، کیونکہ اس وقت ملک میں کوئی بڑی اور مؤثر آواز اٹھانے والا نہیں ہے، تاہم جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کا مقدمہ ایمانداری سے لڑا ہے۔
انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا آغاز ہونا شروع ہو گیا ہے، لیکن کسانوں کے لیے ڈیزل کی قیمتیں اب بھی ان کی پہنچ سے باہر ہیں۔
انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ 1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر زیادہ ٹیکس لگایا جائے اور لیوی عائد کی جائے کیونکہ ٹیکسز کا سارا بوجھ چھوٹی گاڑیوں اور عام عوام پر نہیں پڑنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں والے لوگ حکومت اور مافیا کا حصہ ہوتے ہیں، جن کی آمدنی نظر نہیں آتی مگر عیاشیاں بڑی ہوتی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئل ریفائنریز، چینی، گیس، آٹا اور آئی پی پیز کا ایک بہت بڑا مافیا اور کارٹیل بن چکا ہے، جس میں حکومت اور اپوزیشن کی کوئی تمیز نہیں ہے اور یہ سب مل کر غریب عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہو رہا ہے لیکن ریفائنریز کا مارجن کم کر کے قیمتیں مزید کم نہیں کی جا رہی ہیں۔
گیس کی لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے 240 روپے اور اب 279 روپے گیس کی قیمت مقرر کی ہے لیکن یہ حکومتی نرخ پر کہیں بھی دستیاب نہیں ہے بلکہ مارکیٹ میں 700 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے اور ایل پی جی کے سلنڈر بھی دگنی قیمت پر بیچے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹریکٹرز، پبلک ٹرانسپورٹ اور کسانوں کو بھی ریلیف پیکج میں شامل کیا جائے اور گیس و پیٹرول کے فقدان کا فوری حل نکالا جائے۔






