پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں 14 ہزار سے زائد بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیے جاچکے ہیں، جبکہ تمام بھٹوں کو کیو آر کوڈ اور منفرد شناختی نمبر سے منسلک کردیا گیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ رہائشی علاقوں میں پہلے 500 سے زائد پائرولیسس پلانٹس موجود تھے، تاہم اب وہاں ایک بھی پلانٹ باقی نہیں رہا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ غیر قانونی پائرولیسس پلانٹس کی معمولی خلاف ورزی پر بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ان کے مطابق پنجاب میں عالمی معیار کے 81 صنعتی ایئر کوالٹی مانیٹرز نصب کیے جاچکے ہیں، جبکہ مزید 100 مانیٹرز کی تنصیب دسمبر تک مکمل کرلی جائے گی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ ناسا سمیت عالمی ذرائع سے موسمیاتی ڈیٹا حاصل کیا جاتا ہے اور ہوا کی سمت، رفتار اور دیگر موسمی حالات کی معلومات روزانہ جاری کی جاتی ہیں۔ تمام ماحولیاتی معلومات کو پنجاب کلائمیٹ واچ میں یکجا کردیا گیا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت کے ذریعے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق اسموگ محض تین ماہ کا مسئلہ نہیں بلکہ فضائی آلودگی سال بھر موجود رہتی ہے۔ اس کی شدت میں مقامی آلودگی کے ساتھ درجہ حرارت، نمی، ہوا کی سمت اور رفتار اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سردیوں میں درجہ حرارت کے الٹ پھیر سے آلودہ ذرات فضا میں پھنس جاتے ہیں، جبکہ بارش اور دھوپ نہ ہونے کی صورت میں بھی آلودگی کے اثرات بڑھ جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے کسانوں کو جدید زرعی مشینری فراہم کی جارہی ہے۔ پنجاب حکومت سپر سیڈر کی خریداری پر 60 فیصد سبسڈی دے رہی ہے اور اب تک صوبے میں 10 ہزار سپر سیڈر فراہم کیے جاچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے 70 ارب روپے کے منصوبے کے تحت سپر سیڈر، ہارویسٹر اور بیلرز کے ذریعے کسانوں کو سہولت دی جارہی ہے تاکہ فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے انہیں زمین میں شامل کیا جاسکے یا بائیوماس کے طور پر استعمال کیا جائے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیشن کا باقاعدہ نظام بھی پہلی مرتبہ متعارف کرایا گیا ہے۔ لاہور میں ساڑھے 6 لاکھ سے زائد گاڑیاں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرچکی ہیں، جبکہ 40 نجی ورکشاپس میں گاڑیوں کی جانچ جاری ہے۔ موٹرسائیکلوں اور بسوں کی فٹنس سرٹیفکیشن بھی کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق صنعت، ٹرانسپورٹ اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ چار برس کے دوران اس سال اکتوبر لاہور کا صاف ترین مہینہ رہا، جبکہ نومبر 2026 میں بھی گزشتہ برسوں کے مقابلے میں فضائی آلودگی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔ ان کے بقول مقامی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کے باعث اسموگ کے اثرات، جو پہلے مسلسل کئی ہفتوں تک برقرار رہتے تھے، اب چند گھنٹوں میں شدت اختیار کرنے کے بعد دوبارہ کم ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دیوالی کے روز لاہور سمیت سرحدی علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح اچانک بلند ہوئی۔ ان کے مطابق بھارتی پنجاب کے امرتسر، لدھیانہ اور جالندھر سے آنے والی ہواؤں نے لاہور اور قصور کو متاثر کیا، جبکہ ہوا کی کم رفتار اور مقامی موسمی حالات نے بھی آلودگی میں اضافہ کیا۔ ناسا کے فائر ڈیٹا اور ہوا کے رخ کے نقشوں کے ذریعے سرحدی علاقوں میں آتشزدگی اور آلودگی کی منتقلی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ فضائی آلودگی میں اضافے کی وجہ صرف سرحد پار سے آنے والی ہوا نہیں بلکہ مقامی عوامل بھی اس میں شامل ہیں۔
سینئر وزیر نے اسموگ کے صحت پر اثرات سے متعلق اسپتالوں کے اعدادوشمار بھی پیش کیے۔ ان کے مطابق پرائمری اسپتالوں میں سانس، سینے اور گلے کے پانچ اقسام کے امراض کے مریضوں میں 69.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیکنڈری اسپتالوں میں سانس کے امراض کے مریضوں کی تعداد 21 فیصد کم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعدادوشمار گزشتہ برسوں کے تقابلی جائزے پر مبنی ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی اور انسانی صحت جیسے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ صاف ہوا اور عوام کی صحت مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ فصلوں کی باقیات نہ جلائیں، صنعتیں چمنیوں سے کالے دھوئیں کا اخراج روکیں اور بھٹہ مالکان ماحولیاتی قوانین پر عمل کریں۔ ان کے مطابق اسموگ پر قابو پانے کے لیے مستقل اور طویل المدتی اقدامات درکار ہیں، کیونکہ بیجنگ کو فضائی آلودگی کم کرنے میں 25 سال جبکہ لندن کو 20 سال لگے تھے۔






