پشاور میں حکام نے بتایا کہ پاکستان کے اندر خطرناک کارروائی کی منصوبہ بندی کرنے والے ایک افغان دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان علاقائی ترقیاتی کونسل محمود جان بابر اور ایڈیشنل آئی جی عباس احسن نے بتایا کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
محمود جان بابر نے کہا کہ پاکستان اس حوالے سے متعدد بار افغان حکام کو ٹھوس شواہد اور ثبوت فراہم کر چکا ہے اور پاکستان نے ہمیشہ شواہد کے ساتھ ہی اپنا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کو آج ایک بہت بڑی کامیابی ملی ہے، جس کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کی بڑی منصوبہ بندی کرنے والے ایک افغان دہشت گرد کو کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ افغان دہشت گرد پاکستان کے اندر ایک اور خطرناک کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
پشاور پولیس کے ایڈیشنل آئی جی عباس احسن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے اس خارجی کا نام حکمت اللہ عرف حمزہ ہے، جس کا تعلق افغانستان کے صوبے پکتیا کے علاقے چمکنی سے ہے۔
ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ خارجی حکمت اللہ سے تفتیش کے دوران انتہائی اہم اور چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں، اور یہ گرفتار دہشت گرد سابق افغان نیشنل آرمی کا حصہ بھی رہ چکا ہے۔
دورانِ تفتیش خود دہشت گرد حکمت اللہ عرف حمزہ نے اعتراف کیا کہ وہ سابق افغان نیشنل آرمی کا حصہ رہا ہے، اس نے پاکستان میں کارروائیوں کے لیے اردو زبان کی تربیت بھی حاصل کی تھی اور وہ اس کے ساتھ ساتھ درس و تدریس کے شعبے سے بھی وابستہ رہا ہے۔






