بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی ذاتی زندگی اور مستقبل کے تعلقات سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر اپنا مؤقف واضح کردیا ہے۔
ثانیہ مرزا نے حال ہی میں ایک ٹاک شو میں شرکت کی۔ اس پروگرام میں معروف بھارتی فلم ساز اور ان کی قریبی دوست فرح خان بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔ گفتگو کے دوران میزبانوں نے ثانیہ مرزا سے ان کی نجی زندگی اور ڈیٹنگ کے حوالے سے مختلف سوالات کیے۔ اس دوران ان سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی کسی شخص نے انہیں کافی پر ملاقات کی دعوت دی ہے؟
اس سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ان کے مرد دوست اکثر انہیں گھومنے پھرنے اور سیر و تفریح کے لیے مدعو کرتے رہتے ہیں۔ تاہم وہ ان تمام افراد کو صرف دوست سمجھتی ہیں۔ ان ملاقاتوں کو کسی رومانوی تعلق سے جوڑنا درست نہیں ہوگا۔
پروگرام میں موجود فرح خان نے بھی اس حوالے سے دلچسپ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بعض دوست اکثر ان سے رابطہ کرتے ہیں اور ثانیہ مرزا کی نجی زندگی کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ آیا ثانیہ واقعی سنگل ہیں یا ان کی زندگی میں کوئی شخص موجود ہے۔
اس موقع پر ثانیہ مرزا نے واضح الفاظ میں کہا کہ ان کی زندگی میں فی الحال کوئی مرد نہیں ہے۔ انہیں خود معلوم نہیں کہ آنے والے وقت میں ان کی زندگی میں کوئی شخص آئے گا یا نہیں۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا کی ذاتی زندگی پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد سے مسلسل خبروں میں رہی ہے۔ دونوں نے 2010 میں شادی کی تھی۔ اس جوڑے کے ہاں 2018 میں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی۔ تاہم کئی سال ساتھ گزارنے کے بعد دونوں کی ازدواجی زندگی 2023 میں ختم ہوگئی۔
بعد ازاں شعیب ملک نے جنوری 2024 میں پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی۔ دوسری جانب ثانیہ مرزا اپنے بیٹے اذہان کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔






