اسلام آباد (جی ٹی وی نیوز اردو): پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں آڈٹ رپورٹ کے حوالے سے قومی ادارہ صحت کے ایک بڑے منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
آڈٹ حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ ای جی ایم پی کمپلائنٹ سیرم پروسیسنگ لیبارٹری کے تعمیراتی کام میں 39 کروڑ 86 لاکھ روپے کا ٹھیکہ مسابقتی ٹینڈرنگ کے بغیر نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس (این ڈی سی) کو سنگل سورس بنیاد پر دیا گیا۔
آڈٹ حکام کے مطابق تعمیراتی کام اوپن ٹینڈرنگ کے ذریعے دیا جانا چاہیے تھا، تاہم قومی ادارہ صحت کی انتظامیہ نے این ڈی سی کو براہِ راست کام سونپا۔ اس کے علاوہ منصوبے میں 3 کروڑ 18 لاکھ 88 ہزار روپے ڈیپارٹمنٹل چارجز کی مد میں بھی ادا کیے گئے۔ آڈٹ حکام کا کہنا تھا کہ انتظامیہ سنگل سورس بنیاد پر کام دینے کی وجوہات کا مناسب جواز پیش نہیں کرسکی۔
آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ای جی ایم پی کمپلائنٹ سیرم پروسیسنگ لیبارٹری منصوبے کی ابتدائی لاگت 16 کروڑ 47 لاکھ 75 ہزار روپے منظور کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اس میں متعدد مرتبہ اضافہ کیا گیا۔ سال 2012 میں منصوبے کی لاگت بڑھا کر 49 کروڑ 77 لاکھ روپے کردی گئی، جبکہ 2017 میں اس پر نظرثانی کرتے ہوئے لاگت مزید بڑھا کر 75 کروڑ 14 لاکھ 67 ہزار روپے مقرر کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 84 کروڑ 46 لاکھ 64 ہزار روپے جاری کیے گئے، جن میں سے 73 کروڑ 92 لاکھ 77 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ آڈٹ حکام نے منصوبے کی لاگت میں بار بار اضافے، تعمیراتی کام کے طریقہ کار اور بغیر مسابقتی ٹینڈر ٹھیکہ دینے پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔
آڈٹ حکام کے مطابق قومی ادارہ صحت کی انتظامیہ کو سنگل سورس بنیاد پر کام دینے کی وجوہات اور اس فیصلے کا جواز پیش کرنا چاہیے تھا، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔ آڈٹ نے معاملے کی تحقیقات کرانے اور ذمہ دار افراد کا تعین کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آڈٹ اعتراض 20 جولائی 2022 کو قومی ادارہ صحت کی انتظامیہ کو بھجوایا گیا تھا، لیکن اس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ بعد ازاں 16 اکتوبر 2025 کو ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) کے اجلاس میں انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس کے ساتھ معاہدہ منصوبے کے پی سی ون کا حصہ تھا۔
انتظامیہ کے مطابق نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس ویکسین لیبارٹریوں کے کلین روم ڈیزائن میں مہارت رکھتا ہے اور ایک سرکاری ادارہ ہے۔ تاہم آڈٹ حکام نے مسابقتی ٹینڈرنگ کے بغیر تعمیراتی کام دینے کے معاملے پر اعتراض برقرار رکھتے ہوئے تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کی سفارش کی ہے۔






