بیرون ملک سرکاری ملازمت کرنے کے خواہش مند ملازمین کے لیے حکومت نے نئی پالیسی متعارف کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے بیرون ملک پاکستانی تجارتی مشنز میں سرکاری ملازمین کی تعیناتیوں کے لیے انتخاب کا نیا طریقہ کار طے کیا ہے۔ اس کا مقصد اہل اور قابل ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پر بیرون ملک تعینات کرنا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت کمرشل اسسٹنٹس، ڈرائیورز اور سیکیورٹی گارڈز کی بھرتی اور تعیناتی کے لیے الگ الگ شرائط مقرر کی گئی ہیں۔
پالیسی کے مطابق کمرشل اسسٹنٹس کے انتخاب میں تحریری امتحان کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی۔ اس امتحان کے 60 فیصد نمبر ہوں گے۔ انٹرویو کے لیے 30 فیصد جبکہ ملازم کی سابقہ کارکردگی کے لیے 10 فیصد نمبر مختص کیے گئے ہیں۔ تحریری امتحان میں 70 نمبر اور مہارت کے ٹیسٹ میں 30 نمبر رکھے گئے ہیں۔ اس طرح امیدواروں کی معلومات کے ساتھ عملی صلاحیت بھی جانچی جائے گی۔
امیدواروں کو امتحان دینے کے لیے اسلام آباد میں (PETAC) جانا ہوگا۔ امتحان اور دیگر مراحل میں کامیابی حاصل کرنے والے ملازمین کو بیرون ملک بھیجنے سے پہلے چار ہفتوں کی خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔ اس تربیت کا مقصد انہیں بیرون ملک تجارتی مشنز میں کام کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ امتحان یا مہارت کے ٹیسٹ میں 50 فیصد سے کم نمبر لینے والے امیدوار انتخاب کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔
ڈرائیورز اور میسنجر کم ڈرائیورز کی تعیناتی کے لیے بھی نئی شرائط مقرر کی گئی ہیں۔ ان ملازمین کا انتخاب سنیارٹی اور اہلیت کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ امیدوار کے پاس کم از کم پانچ سال پرانا اور مؤثر ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران امیدوار کی جی پی ایس اور گوگل میپس استعمال کرنے کی صلاحیت بھی دیکھی جائے گی۔ اس سے یہ معلوم کیا جائے گا کہ امیدوار بیرون ملک راستوں اور مقامات کی تلاش کے لیے جدید سہولیات استعمال کرسکتا ہے یا نہیں۔
نئی پالیسی کے تحت بیرون ملک تعیناتی کے خواہش مند سرکاری ملازمین کے لیے وزارت تجارت میں کم از کم پانچ سال مسلسل سروس کی شرط بھی رکھی گئی ہے۔ بیرون ملک تعیناتی کی عام مدت تین سال ہوگی۔ اس مدت کے بعد ملازمین کو واپس آنا ہوگا۔ واپس آنے والے افسران دو سال کا وقفہ مکمل کرنے کے بعد دوبارہ بیرون ملک تعیناتی کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
حکومت نے ایک ملازم کے بیرون ملک جانے کے مواقع بھی محدود کردیے ہیں۔ نئی پالیسی کے مطابق دو مرتبہ بیرون ملک تعیناتی حاصل کرنے والے ملازمین تیسری مرتبہ اس موقع کے اہل نہیں ہوں گے۔ اسی طرح اگر کوئی ملازم ایک ہی تجارتی مشن میں مسلسل چھ سال گزار چکا ہے تو اسے دوبارہ اسی بنیاد پر تعیناتی نہیں دی جائے گی۔
اس کے علاوہ ایسے ملازمین بھی بیرون ملک تعیناتی کے اہل نہیں ہوں گے جن کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہو، انہیں بڑی سزائیں مل چکی ہوں یا ان کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہو۔ حکومت نے امیدواروں کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس اور طبی فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا ہے۔ بیرون ملک جانے والے ملازمین کے ساتھ ان کے اہل خانہ بھی سفر کریں تو ان کے لیے بھی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانا ضروری ہوگا۔






