اسلام آباد (جی ٹی وی نیوز اردو): پاکستان کے آٹو سیکٹر کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تاخیر کا شکار نئی آٹو پالیسی 2026 بالآخر منظور کرلی گئی ہے۔
نئی آٹو پالیسی کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بھی منظوری مل گئی ہے، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف پہلے ہی پالیسی کی منظوری دے چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی آٹو پالیسی کو پارلیمنٹ میں منی بجٹ کے طور پر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ پالیسی کے تحت حکومت نے آئندہ پانچ سال میں آٹو سیکٹر سے 6 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ مقامی سطح پر گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی تیاری کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
2031 تک 17 ارب 70 کروڑ ڈالر زرمبادلہ بچانے کا تخمینہ
نئی آٹو پالیسی کے تحت 2026 سے 2031 کے دوران 17 ارب 70 کروڑ ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پالیسی پر عمل درآمد سے تقریباً 18 لاکھ 23 ہزار ٹن تیل کی درآمد سے بھی بچت متوقع ہے۔
آٹو پارٹس تیار کرنے والی کمپنیوں کے لیے 3 ارب 29 کروڑ ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کو 2 ارب 72 کروڑ ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔ اس طرح مقامی صنعت کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے اور ملکی برآمدات میں اضافہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
برآمدی اہداف پورے نہ کرنے والی کمپنیوں پر جرمانے ہوں گے
پالیسی کے تحت برآمدی اہداف پورے نہ کرنے والی کمپنیوں پر ان کی سالانہ فروخت کا ایک سے 3 فیصد تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ مسلسل دو سال تک برآمدی اہداف حاصل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ کمپنی کا مینوفیکچرنگ لائسنس منسوخ بھی کیا جا سکے گا۔
آٹو کمپنیوں کو عالمی سپلائی چین کے ذریعے برآمدی مواقع حاصل کرنا ہوں گے، جبکہ مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری اور پرزہ جات کی صنعت کو ترقی دینے پر زور دیا جائے گا۔
آٹو پارٹس کی صنعت کے لیے 2 ارب 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز
نئی پالیسی میں آٹو پارٹس کی صنعت کی ترقی کے لیے 2 ارب 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ وینڈر اپ گریڈیشن اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر پروگرام انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ اور سمیڈا کے تحت چلایا جائے گا تاکہ مقامی صنعت کی پیداواری صلاحیت اور معیار بہتر بنایا جا سکے۔
پالیسی کے تحت کم استعمال ہونے والی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے اور الیکٹرک سمیت نئی انرجی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ حکام صنعت و پیداوار کے مطابق نئی آٹو پالیسی کا 2028 میں وسط مدتی جائزہ لیا جائے گا تاکہ اس کے اہداف اور پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔






