پنجاب میں جعلی ڈرائیونگ لائسنس اور ویریفکیشن لیٹرز جاری کرنے والے منظم گروہ کے خلاف کارروائی کی درخواست کردی گئی ہے۔ جعل ساز سرکاری ویب سائٹس سے ملتے جلتے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اور ان سے بھاری رقوم وصول کررہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کی جانب سے متعلقہ حکام کو لکھے گئے مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بعض عناصر جعلی ڈرائیونگ لائسنس اور تصدیقی خطوط فراہم کرنے کے نام پر شہریوں کو مالی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مبینہ طور پر ایسی ویب سائٹس استعمال کی جارہی ہیں جو سرکاری ڈرائیونگ لائسنس سسٹم سے مشابہت رکھتی ہیں۔
مراسلے کے مطابق پنجاب کا سرکاری ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (DLIMS) صرف سرکاری ویب سائٹ **https://dlims.punjab.gov.pk** پر دستیاب ہے۔ تاہم www.dlimsctp.pk نامی ویب سائٹ کے ذریعے مبینہ طور پر جعلی ڈرائیونگ لائسنس ویریفکیشن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور جعلی تصدیقی خطوط بھی جاری کیے جارہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے مشکوک ویب سائٹ اور اس سے منسلک تمام جعلی یو آر ایل فوری طور پر بلاک کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس کے علاوہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جعلی لائسنس اور ویریفکیشن لیٹرز جاری کرنے والے افراد، ویب سائٹ آپریٹرز اور اس کے پیچھے موجود منظم نیٹ ورک کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث عناصر کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ حکام سے جعل سازوں کے بینک اکاؤنٹس، مالی لین دین اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کا سراغ لگانے کی بھی درخواست کی گئی ہے تاکہ شہریوں سے وصول کی گئی رقم اور اس نیٹ ورک کے اصل سہولت کاروں کی نشاندہی ہوسکے۔
سی ٹی او لاہور نے مستقبل میں ایسے فراڈ کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جعلی ویب سائٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی تخلیق اور سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ایسا نظام بنایا جائے تاکہ شہری دوبارہ اس قسم کے دھوکے کا شکار نہ ہوں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کے لیے غیر سرکاری ویب سائٹس استعمال نہ کریں اور صرف پنجاب کی مستند سرکاری ویب سائٹ DLIMS سے ہی معلومات حاصل کریں۔






