انطالیہ (جی ٹی وی نیوز اردو): وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، حالانکہ عالمی کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اس کے اثرات پوری دنیا کو متاثر کرتے ہیں۔
کوپ 31 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلابوں کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور ملک کو بھاری معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ قدرتی آفات نہ صرف انسانی جانوں بلکہ معیشت اور مالی وسائل کے لیے بھی بڑے نقصانات کا باعث بنتی ہیں۔
’’تباہ کن سیلابوں کے دوران ترکیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلابوں کے دوران ترکیہ کی حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی۔ انہوں نے مشکل وقت میں ترکیہ کی حمایت اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کی مضبوط روایت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو بے پناہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
’’پاکستان ماحول دوست اقدامات پر عمل پیرا ہے‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ماحول دوست اقدامات پر عمل پیرا ہے اور ملک میں قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان نے 20 میگاواٹ روف ٹاپ سولر صلاحیت شامل کی ہے، جو ماحول دوست توانائی کی جانب پیش رفت کا حصہ ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے انہیں ضروری وسائل اور معاونت فراہم کی جا سکے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرات کسی ایک ملک تک محدود نہیں، اس لیے عالمی سطح پر تعاون اور ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی آفات کے نقصانات کم کرنے اور ماحول کے تحفظ کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔






