کراچی (جی ٹی وی نیوز): پاکستان رینجرز سندھ نے نیو کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث کونٹی گروہ کے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں حسنین عرف غفور، واصف، جبران، مدثر، کبیر بنگالی، عبدالماجد اور محمد اعجاز شامل ہیں۔ ملزمان کا تعلق ایسے گروہ سے بتایا جاتا ہے جو سرجانی ٹاؤن اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
رینجرز کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 غیر قانونی پستول، ایمونیشن، 2 موٹرسائیکلیں، 14 موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔ برآمد ہونے والا اسلحہ اور دیگر سامان تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں شامل محمد اعجاز 2024 سے چھینے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے کے کاروبار میں بھی ملوث تھا۔ اس سرگرمی کے ذریعے مبینہ طور پر چھینے گئے موبائل فونز کی شناخت تبدیل کی جاتی تھی۔
رینجرز کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران گروہ کی دیگر وارداتوں اور ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق معلومات حاصل کی جائیں گی۔






